پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
ہفتہ 11 جولائی 2020
پاکستان ، پانچواں بڑا آبادی والا ملک
پاکستان کی مردم شماریاں
اقوام متحدہ کے مطابق 11 جولائی 2020ء کو پاکستان ، آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے اور اس کی 22 کروڑ ، 10 لاکھ کی آبادی دنیا بھر میں چین ، بھارت ، امریکہ اور انڈونیشیا کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
ہر پانچ سیکنڈ بعد ایک بچہ
دنیا بھر میں آبادی کے اضافے کی اوسط شرح دو فیصد ہے لیکن پاکستان میں 2.8 فیصد ہے اور ایک منٹ میں 11 بچے یا ہر پانچ سیکنڈ میں ایک بچہ پیدا ہورہا ہے۔ پاکستان میں فی کنبہ تقریباَ سات افراد ہوتے ہیں جو پوری دنیا میں پانچویں نمبر پر سب سے بڑے خاندان کا حجم ہے۔ اس فہرست میں بھارت 49ویں اور بنگلہ دیش 55ویں نمبر پر ہے۔ یاد رہے کہ متحدہ پاکستان میں مشرقی پاکستان (بنگلہ دیش) کی آبادی ، مغربی یا موجودہ پاکستان سے کم از کم ایک کروڑ زیادہ ہوتی تھی لیکن اب ہم ، خدا کے فضل سے ، ان سے پانچ کروڑ زیادہ آبادی والے ملک ہیں۔۔!
مردم شماریوں کے اعدادوشمار
پاکستان میں 1951ء سے اب تک ہونے والی تمام مردم شماریوں کے اعدادوشمار ملاحظہ فرمائیں:- پہلی مردم شماری فروری 1951ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پورے ملک کی آبادی 7 کروڑ ، 56 لاکھ ، 42 ہزار افراد پر مشتمل تھی جس میں سے مشرقی پاکستان کی آبادی 4 کروڑ ، 42 لاکھ ، 63 ہزار (55.6 فیصد) اور مغربی پاکستان یا موجودہ پاکستان کی آبادی 3 کروڑ ، 37 لاکھ ، 40 ہزار (44.4 فیصد) تھی۔
- دوسری مردم شماری جنوری 1961ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پورے ملک کی آبادی 9 کروڑ ، 28 لاکھ افراد پر مشتمل تھی اور پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا آبادی والا ملک تھا۔ اس میں سے موجودہ پاکستان کی آبادی 4 کروڑ ، 28 لاکھ ، 80 ہزار افراد پر مشتمل تھی۔
- تیسری مردم شماری ستمبر 1972ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 6 کروڑ 53 لاکھ ، 9 ہزار افراد پر مشتمل تھی۔
- چوتھی مردم شماری جولائی 1981ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پاکستان کی آبادی 8 کروڑ ، 42 لاکھ ، 54 ہزار افراد پر مشتمل تھی اور پاکستان دنیا کا نواں بڑا ملک تھا۔
- پانچویں مردم شماری ، 17 سال کے وقفے کے بعد مارچ 1998ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 13 کروڑ ،23 لاکھ ، 52 ہزار افراد پر مشتمل تھی۔
- چھٹی اور اب تک کی آخری مردم شماری 19 سال کے وقفے کے بعد مئی 2017ء میں ہوئی تھی جس کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ ، 77 لاکھ ، 74 ہزار افراد پر مشتمل تھی اور پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا آبادی والا ملک تھا۔
پاکستان کی مردم شماریاں 1951-2017
مردم شماری | موجودہ پاکستان کی کل آبادی | کل آبادی (ہندسوں میں) |
---|---|---|
2017 | 20 کروڑ ، 77 لاکھ ، 74 ہزار | 207.774.000 |
1998 | 13 کروڑ ، 23 لاکھ ، 52 ہزار | 132.352.000 |
1981 | 8 کروڑ ، 42 لاکھ ، 54 ہزار | 84.254.000 |
1972 | 6 کروڑ ، 53 لاکھ ، 9 ہزار | 65.309.000 |
1961 | 4 کروڑ ، 28 لاکھ ، 80 ہزار | 42.880.000 |
1951 | 3 کروڑ ، 37 لاکھ ، 40 ہزار | 33.740.000 |
Pakistan fifth-most-populous country
Saturday, 11 July 2020
According to UN report, Pakistan's estimated population on July 11, 2020 is now more than 220 million and its now the world's fifth-most-populous country after China, India, USA and Indonesia..!
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
25-02-1948: اردو زبان
24-06-1963: صدر سو کارنو کا دورہ پاکستان
30-09-1947: پاکستان ، اقوام متحدہ کا رکن بنا