پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
منگل 25 مارچ 1969
مارشل لاء 1969ء
جنرل یحییٰ خان نے 1969ء میں دوسرا مارشل لاء لگایا تھا
25 مارچ 1969ء کو پاکستان میں دوسرا مارشل لاء لگایا گیا تھا۔۔!
آرمی چیف جنرل آغا محمد یحییٰ خان نے صدر فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان کا تختہ الٹ کر ملک بھر یعنی پاکستان اور بنگلہ دیش میں مارشل لاء نافذ کردیا تھا۔ 1962ء کا آئین منسوخ کردیا گیا تھا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دی گئی تھیں اور ہرقسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
دس سالہ آمریت زمین بوس
حکومت پر قبضہ کرنے سے پہلے سابق صدر فیلڈ مارشل جنرل محمد ایوب خان کو آخری خطاب کرنے کا موقع دیا گیا تھا جس میں وہ حکومت کی بھاگ ڈور اپنے 1962ء کے خودساختہ "ایوبی آئین" کے مطابق اپنے سپیکر کی بجائے آرمی چیف کو سونپ رہے تھے۔ اس وقت تک ملک کے حالات خاصے بگڑ چکے تھے۔ نومبر 1968ء میں جنرل ایوب کے خلاف شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد محض پانچ مہینوں میں دس سالہ آمریت زمین بوس ہوگئی تھی۔
جنرل ایوب کے زوال کی بہت سی وجوہات تھیں۔ کرپشن ، اقربا پروری اور مہنگائی عام تھی۔ امیر و غریب میں نمایاں فرق کے علاوہ اپنے آقا و مولا امریکہ بہادر کے لیے بھی ناقابل اعتماد ہوچکے تھے ، اسی لیے ان سے چھٹکارا ضروری ہوگیا تھا۔ عوام الناس کے لیے صرف چہرے کی تبدیلی ہوئی تھی ، ایک جنرل کی جگہ دوسرا جنرل آ گیا تھا۔
بھٹو کا خوف
پاکستان کے دوسرے مارشل لاء کے نفاذ کی ایک بہت بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ 1962ء کے آئین کے تحت 1970ء میں صدارتی انتخابات ہونے والے تھے۔ مقتدر حلقوں کو خطرہ تھا کہ ان انتخابات میں ذوالفقارعلی بھٹوؒ ، امیدوار ہونگے اور ان کی کامیابی یقینی تھی کیونکہ طریقہ انتخاب ، عام انتخابات کا نہیں تھا۔ ان میں بلدیاتی اداروں کے ممبران ہی وؤٹ دے سکتے تھے اور قومی اسمبلی میں مغربی اور مشرقی پاکستان کی نمائندگی بھی برابر تھی۔
یہ خوف کہ بھٹو جیسا خوددار اور غیور لیڈر آگیا تو وہ ہماری نااہلیوں اور کمزوریوں سے واقف ہے ، ایک ہولناک تصور تھا جو پالیسی سازوں اور انھیں مہروں کی طرح استعمال کرنے والے امریکہ بہادرکو کسی طور پر قابل قبول نہیں تھا۔ جنرل یحییٰ خان تو ویسے بھی بھٹو سے سخت نفرت کرتے تھے کیونکہ اس نے بطور آرمی چیف ان کی تعیناتی پر صدر ایوب خان سے دشمنی تک مول لے لی تھی۔
1970ء میں بالغ رائے دہی اور جماعتی بنیادوں پر انتخابات کروانے کی بڑی وجہ بھی بھٹو کا خوف تھا کہ عددی برتری کی وجہ سے وہ حکومت نہیں بنا سکتا تھا اور اکثریتی آبادی ، بنگالیوں سے نمٹنا نسبتاً آسان لگ رہا تھا کیونکہ ان کے پاس بھٹو کے پائے کا کوئی عالمی سطح کا لیڈر نہیں تھا۔ مجیب الرحمان کی حیثیت ، ایم کیو ایم کے الطاف حسین کی طرح سے تھی جو صرف ایک لسانی اور علاقائی لیڈر تھا جو باقی ملک کے لیے قابل قبول نہیں تھا۔
Yahya Khan overthrow Ayub Khan
(Daily Dawan Karachi, 26 March 1969)
2nd Martial Law in Pakistan..
Tuesday, 25 March 1969
Army chief General Yahya Khan overthrow General Ayub Khan on March 25, 1969..
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
23-03-1960: مینار پاکستان
14-04-2022: عمران خان کا بیانیہ دفن
16-10-2020: نواز شریف کی تاریخی تقریر