پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
منگل 19 اکتوبر 1993
ایک سال میں 3 صدر اور 5 وزیر اعظم۔۔؟
اس کا اندازہ 1993ء کے ان واقعات سے ملتا ہے کہ جب ایک ہی کیلنڈر ائر میں کچھ کم نہیں ، 3 صدر اور 5 وزرائے اعظم بدلے گئے تھے۔ عام طور پر پاکستان کی تاریخ میں وزرائے اعظم کی بڑی تذلیل ہوتی رہی ہے اور ایک ایک سال میں تین تین وزرائے اعظم بدلنے کی متعدد روایات ملتی ہیں لیکن صدر کا تین بار بدلنا اب تک صرف دو بار ہوا ہے۔ پہلی بار 18 جولائی 1993ء کو صدر غلام اسحاق خان نے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کی جگہ سینٹ چیئر مین وسیم سجاد نے قائمقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ 14 نومبر 1993ء کو سردار فاروق لغاری نئے صدر منتخب ہوئے تھے جو اس سال اس عہدہ پر فائز ہونے والی تیسری شخصیت تھے۔ 2008ء میں ایک بار پھر ایسا ہی ہوا تھا کہ جب پہلے جنرل پرویز مشرف کو مستعفی ہونا پڑا تھا اور ان کی جگہ محمد میاں سومرو قائمقام صدر بنے تھے اور پھر 10 ستمبر 2008ء کو آصف علی زرداری ، صدر منتخب ہو گئے تھے۔
1993ء میں ایک اور منفرد اور شاید ایک عالمی ریکارڈ قائم ہوا تھا جب وزارت عظمیٰ کے منصب پر پانچ بار تبدیلیاں ہوئی تھیں اور چار شخصیات اس نازک و مظلوم عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔ ان میں سے پہلے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف تھے جن کی حکومت کو 18 اپریل 1993ء کو صدر اسحاق خان نے آٹھویں ترمیم کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے برطرف کردیا تھا اور ان کی جگہ نگران وزیر اعظم بلخ شیر مزاری بنے تھے۔ 26 مئی 1993ء کو عدالت نے نواز حکومت کو بحال کر دیا تھا لیکن اوپر کے دباؤ پر 18 جولائی 1993ء کو صدر اور وزیر اعظم دونوں کو بیک وقت فارغ کر دیا گیا تھا اور ایک امپورٹڈ نگران وزیراعظم معین قریشی کو متعارف کروایا گیا تھا۔ نئے انتخابات کروائے گئے تھے جس کے نتیجے میں 19 اکتوبر 1993ء کو محترمہ بے نظیر بھٹو ایک بار پھر وزیر اعظم بن گئی تھیں۔ مندرجہ ذیل چارٹ میں ان تین تین وزرائے اعظم کی تفصیل دی گئی ہے جو ایک ہی سال میں تبدیل ہوئے تھے۔
سالانہ تین وزرائے اعظم۔۔!
نمبر | سال | وزیر اعظم اول | وزیر اعظم دوم | وزیر اعظم سوم |
---|---|---|---|---|
1 | 1957 | حسین شہید سہروردی | آئی آئی چندریگر | ملک فیروز خان نون |
2 | 1990 | بے نظیر بھٹو | غلام مصطفیٰ جتوئی | میاں محمد نواز شریف |
3 | 1993 | میاں محمد نواز شریف (2بار) | بلخ شیر مزاری اور معین قریشی (2) | بے نظیر بھٹو |
4 | 2004 | ظفر اللہ خان جمالی | چوہدری شجاعت حسین | شوکت عزیز |
5 | 2013 | راجہ پرویز اشرف | میر ہزار خان کھوسو | میاں محمد نواز شریف |
6 | 2018 | شاہد خاقان عباسی | ناصر الملک | عمران خان |
1993: 3 Presidents & 5 Prime Ministers..?
Tuesday, 19 October 1993
Pakistan had 3 Presidents and 5 Prime Ministers in a Calendar year in 1993..!
پاکستان کی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین ، پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک منفرد ویب سائٹ ہے جس پر سال بسال اہم ترین تاریخی واقعات کے علاوہ اہم شخصیات پر تاریخی اور مستند معلومات پر مبنی مخصوص صفحات بھی ترتیب دیے گئے ہیں جہاں تحریروتصویر ، گرافک ، نقشہ جات ، ویڈیو ، اعدادوشمار اور دیگر متعلقہ مواد کی صورت میں حقائق کو محفوظ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
2017ء میں شروع ہونے والا یہ عظیم الشان سلسلہ، اپنی تکمیل تک جاری و ساری رہے گا، ان شاءاللہ
-
10-04-2022: عمران خان کا زوال
23-11-2002: میر ظفراللہ خان جمالی
15-08-1947: لاہور