پاک میگزین پر تاریخِ پاکستان
ہفتہ 10 مئی 2025ء
آپریشن "بنیان مرصوص"

آپریشن "بنیان مرصوص" میں پاکستان نے بھارت پر تاریخی فتح حاصل کی۔۔!
پاکستان نے صرف پانچ گھنٹوں میں بھارت کے چھکے چھڑا دیے اور شمال میں سرینگر سے لے کر جنوب میں صوبہ گجرات تک 26 مختلف اہداف کو نشانہ بنا کر بیشتر فوجی تنصیبات کو تباہ و برباد کرکے دشمن کو اس "چار روزہ جنگ" میں ایک شرمناک شکست سے دوچار کیا۔
آپریشن "سندور"
اس سے قبل، 22 اپریل 2025ء کو پہلگام، مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم دہشت گردوں کے حملہ کے نتیجہ میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد بھارت نے بغیر کسی تحقیق اور ثبوت کے، "آپریشن سندور" کے نام سے بدھ 7مئی کو ستر سے زائد طیاروں سے فائر کیے گئے میزائلوں سے پاکستان کے اندر مطلوبہ اہداف (مساجد اور مدارس وغیرہ) پر حملہ کر کے تین درجن کے قریب بے گناہ سویلین افراد کو شہید کردیا۔
پاکستان نے جوابی کاروائی کے طور پر جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ایک جدید چینی میزائل کی مدد سے تین رافیل طیاروں سمیت کل پانچ طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا جس نے بین الاقوامی توجہ حاصل کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب فرانس ساختہ رافیل طیارہ کسی جنگ میں تباہ ہوا ہے۔
جمعرات 8 مئی 2025ء کو بھارت نے بڑی تعداد میں اسرائیلی ساختہ ڈرون پاکستان کے مختلف مقامات تک بھیجے جن میں سے بیشتر کو فضاء ہی میں تباہ کردیا گیا۔ بھارتی ذرائع کے مطابق، پاکستان نے بھی بڑی تعداد میں بھارت کی فوجی تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے کیے۔ اس دوران لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری جاری رہی۔
جمعہ 9 مئی 2025ء کو بھارتی جارحیت میں مزید تیزی پیدا ہوئی جب انھوں نے پاکستان کے تین ائرفورس بیسوں پر میزائلوں سے حملے کیے۔ بھارت کے "گودی میڈیا" نے بڑے بلند بانگ اور انتہائی جھوٹے اور مبالغہ آمیز دعوے کیے کہ مثلاً
- بھارتی فوج، اسلام آباد میں داخل ہوگئی ہے اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کو پکڑ لیا گیا ہے۔
- پاکستان میں جنرل عاصم منیر کو برطرف کرکے نیا آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے اور عمران خان کو رہا کیا جارہا ہے۔
- بھارتی بحری بیڑے نے کراچی کی بندرگاہ کومکمل طور پر تباہ کردیا ہے اور لاہور میں ڈیفنس سسٹم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
- پاکستان کے نو ائرفورس بیسز تباہ کر دیے گئے ہیں۔
آپریشن "بنیان مرصوص" کا کمال
پاک فوج کا دشمن کے خلاف آپریشن "بنیان مرصوص" (بُنْیانُ الْمَرْصُوص)، قرآنِ مجید کی سورۃ الصف (61:4) کی ایک اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے "سیسہ پلائی ہوئی دیوار" یا "ایسی مضبوط اور منظم صف، جو لوہے یا سیسے کی دیوار کی مانند ہو"۔ اس آیت کا ترجمہ ہے: "بے شک اللہ اُن لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں"۔
ہفتہ 10 مئی 2025ء کو نمازِفجر کے بعد پاکستان آرمی نے آپریشن "بنیان مرصوص" کا آغاز کیا جس میں پہلی بار مقامی طور پر تیارکردہ میزائل "فتح ون" کو استعمال کیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق، بھارت کے 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور جے ایف 17 تھنڈر نے ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز کی مدد سے بیشتر فوجی اڈے، ائیر فیلڈز ، براہموس اسٹوریج سائٹ اور ڈیڑھ ارب مالیت کے ڈیفنس نظام، S-400 کو تباہ کیا۔ بھارتی فوج کا سیٹلائٹ نظام جام کرتے ہوئے آدم پور، ادھم پور، بھٹنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ، ہلواڑا اور برنالہ کی ایئر بیسز اورائیر فیلڈز کے علاوہ اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو کو تباہ کیا گیا۔ پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا راجوڑی میں بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کا تربیتی مرکز بھی تباہ کردیا گیا۔
بھارتی ذرائع نے ان تمام 26 مقامات پر حملوں کا اعتراف کیا اور سرسہ ایئر فیلڈ کی تباہی کی تصدیق بھی کردی۔ بھارتی میڈیا نے پٹھان کوٹ، پونچھ اور جموں ایئر بیسز پر پاکستانی حملوں کا اعتراف کیا لیکن ائیر بیسز اور ائیر فیلڈز کی تباہی کی تردید کی۔
ان حملوں کے بعد ہی بھارتی عسکری ذرائع نے پاکستان کو مزید کاروائی نہ کرنے کی شرط پر جوابی کاروائی نہ کرنے کی پیش کش کی اور راتوں رات، امریکی صدر ٹرمپ کی مدد سے جنگ بندی ہوگئی۔
الفتح ون میزائل کی خصوصیت
آپریشن "بنیان مرصوص" میں استعمال ہونے والے "الفتح ون میزائل" کا 5 مئی 2025ء کو کامیاب تجربہ کیا گیا۔ یہ میزائل، دشمن کو چکمہ دینا اور دوران پرواز اپنے ہدف کی جانب سمت تبدیل کرنیکی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ پاکستان کا مقامی طور پر زمین سے زمین پر مار کرنے والا جدید ترین میزائل ہے اور 120 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کی تیاری کا باقاعدہ آغاز 2021ء میں ہوا تھا۔ یہ میزائل پاکستان کے دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سولوشنز (GIDS) کی برسوں کی محنت، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں ترقی کا نتیجہ ہے۔

Operation Bunyan-un-Marsoos
Saturday, 10 May 2025
Pakistan launched Operation Bunyan-un-Marsoos on Saturday, May 10th, 2025..
پاک میگزین، ایک منفرد ویب سائٹ
پاک میگزین پر پاکستان کے سال بسال اہم ترین تاریخی اور سیاسی واقعات کے علاوہ پاکستانی زبانوں کا ڈیٹا بیس، حروفِ تہجی کی تاریخ اور پاکستان کی فلمی تاریخ پر نایاب معلومات دستیاب ہیں۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ
-
14-11-1995: خلافت سازش کیس
15-07-2020: پاکستان کی فضائی قوت
18-10-1957: آئی آئی چندریگر